کرسپی فرائز

0

جب آپ میکڈونلڈ وغیرہ جیسے کسی نامور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ پر فرائز کھاتے ہیں یا پیکٹ میں بند چپس کو فرائی کرتے ہیں تو اس کا ذائقہ و شکل و صورت بالکل الگ سا ہوتا ہے جو عموما گھر کی چپس میں نہیں آتا۔ کمپنیاں اڑھائی کلو چپس کا یہ پیکٹ چھ سات سو روپے میں بیچتی ہیں، ذیل میں آپ کو میں اس قسم کی چپس بنانے کا طریقہ سکھاتا ہوں۔ یہ طریقہ چونکہ خاصا وقت اور محنت طلب ہے لہذا اسے زیادہ مقدار میں آلووں کے ساتھ ہی آزمایا جاسکتا ہے۔ یہاں مثال کے طور پر دس آلو کو لیا گیا ہے۔

طریقہ کار:

1- دس عدد بڑے سائز کے پھیکے و خشک قسم کے آلو لے لیجئے (سفید ہوں تو بہتر ہے)۔ انہیں فرائز کی صورت میں لمبا کاٹ لیجئے
2- ان فرائز کو کسی برتن میں پانی لے کر بھگو دیجئے اور ایک منٹ تک اچھی طرح ملئے۔ پھر دوسرے برتن میں صاف پانی لے کر انہیں اس میں ڈالئے اور پھر سے ملئے۔ پھر پہلے برتن میں صاف پانی لے کر اس میں مل کر دھو لیجئے (یعنی کل تین مرتبہ)۔ اس عمل سے آلو پر لگی سٹارک کم ہوجاتی ہے
3- ان فرائز کو کسی پتیلے میں پانی ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیجئے۔ پانی میں تقریبا دس چمچ (فی آلو ایک چمچ) نمک بھی ڈال دیجئے۔ نمک کا فائدہ یہ ہوگا کہ وہ آلو کے میٹھے پن کو بھی ختم کردے گا اور اس میں ذائقہ بھی پیدا کرے گا۔ دھیان رہے، پانی کو ابالنا نہیں ہے بلکہ اس قدر گرم کرنا ہے کہ وہ ابلنے کے قریب آجائے (اس میں انگلی ڈالنے پر انگلی رکھنا ممکن نہ رہے)۔ جب پانی اس قدر گرم ہوجائے تو اب چولہے کی آگ ہلکی کرکے 15 منٹ تک فرائز پکنے دیں (آگ اتنی ہونی چاہئے کہ پانی کو ابال نہ آسکے)۔ اس عمل سے آلو میں پیکٹن ایکٹیویٹ ہوجاتا ہے جس کے سبب آلو پھر براؤن اور نرم نہیں ہوتا
4- ان فرائز کو اس پانی سے نکال کر دوسرے پتیلے میں صاف پانی میں ڈال کر تیز آنچ پر 5 منٹ کے لئے پکائیں (پہلے پتیلے والے پانی میں نہیں پکانا کیونکہ اس میں آلو کا سٹارک جمع ہوچکا ہے)۔ تیز آنچ پر پانچ منٹ پکنے کے بعد اب آلو اس کیفیت میں ہوگا کہ کوئی ایک فرائز موڑنے پر ٹوٹنے لگے گا
5- اس فرائز کو کسی کپڑے پر ڈال کر لگ بھگ ایک گھنٹہ اچھی طرح سکھا لیں (سورج کی روشنی میں اور یا پنکھے کی ہوا سے)۔ سوکھے ہوئے آلو تلنے پر کرسپی تیار ہوتے ہیں
6- اچھی طرح سوکھے ہوئے ان فرائز کو گرم تیل میں ڈال کر درمیانی آنچ پر 3 سے 4 منٹ تک تلیں (مکمل تیار نہیں کرنا)۔ سوکھنے کے عمل میں آلو پر جو پرتھ بن جاتی ہے وہ تلنے پر اس پر جم جاتی ہے۔ یہ آلو پکنے پر کرسپی سے ہوجائیں گے، مگر انہیں گولڈن نہیں ہونے دینا۔
7- ھاف فرائی کرنے کے بعد انہیں تیل سے نکال لیں اور کسی برتن میں ڈال کر کم از کم چھ گھنٹے کے لئے فریزر میں فریز ہونے کے لئے رکھ دیں۔ یہ فریزڈ شدہ فرائز ایک سال تک فریزر میں رکھ کر قابل استعمال رہتے ہیں
8- فریز ہونے کے بعد ان فرائز کو تیز گرم تیل میں 1 سے 2 منٹ تلیں یہاں تک کہ یہ گولڈن ہونے لگیں۔
9- فرائز کو کسی گہرے برتن (جیسے پتیلے وغیرہ) میں نکال کر اس پر فورا نمک (یا چاٹ مصالحہ و لال مرچ وغیرہ جو آپ ڈالنا چاہیں) چھڑک کر اسے اچھی طرح ہلائیں۔ فوری طور پر یہ ہلانا ضروری ہے ورنہ آلو تیل جذب کرلیتے ہیں۔

کمپنی جیسے فرائز تیار ہیں۔

ترکیب از زاہد مغل

You might also like More from author

Leave A Reply

Your email address will not be published.