سانسوں سے آنے والی بدبو کا علاج

0

منہ سے بدبو آنا ایک ایسا خطرناک مسئلہ ہےکہ جس کی وجہ سے آپ کے بے تکلف دوست بھی آپ کو بے عزت کر سکتے ہیں۔ جس انسان کے منہ سے بدبو آرہی ہو، کوئی اس کے قریب آنا پسند نہیں کرتا۔ منہ اور سانسوں کی بدبو انسان کے لیے خاصی شرمندگی کا باعث ہوتی ہے۔ اس سے نہ صرف سماجی و معاشرتی روابط بلکہ ازدواجی زندگی بھی متاثر ہوتی ہے۔

منہ کی بدبو کا تو ہمیں پتا چل جاتا ہے لیکن سانس کی بدبو ایک ایسا مسئلہ ہے کہ جس کا پتہ مشکل سے ہی چلتا ہے۔ یہ جاننے کا سب سے اچھا طریقہ یہی ہے کہ ان لوگوں میں سے کسی سے پوچھا جائے جو ہم سے بہت نزدیک ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر شریک حیات یا دوست احباب وغیرہ، اور اگر وہ اس بات کی تصدیق کر دیں تو فوراً سے پہلے بدبو کے خاتمے کے اقدامات کرنے چاہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دس میں سے آٹھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کے منہ یا سانس سے زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے میں بو آتی ہے۔ اور ہر پانچ میں سے ایک شخص ایسا ہوتا ہے کہ جس کے منہ کی بدبو مستقل اور دائمی ہوتی ہے اور کبھی ختم نہیں ہوتی۔حالانکہ ایسی بدبو کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے لیکن ہوتا یہ ہے کہ اسے سرے سے ختم کرنے کے بجائے زیادہ توجہ وقتی علاج کی طرف دی جاتی ہے۔

پیاز اور لہسن کی بدبو سے نجات کے طریقے
پیاز اور لہسن کے بعد سانس میں بو ایک عام مسئلہ ہے اور کافی پریشان کن بھی ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ بوبو کافی دیر تک منہ میں بسی رہتی ہے۔ سوچیے اس وقت انسان کو کتنی شرمندگی ہوتی ہے جب پیاز اور لہسن سے بھرپور غذا کھانے کے بعد کسی سے بات کرتے ہوئے دوسرے فرد کو سانس سے آنے والی بو کے باعث ناک سکیڑتے دیکھتے ہوں گے؟

پانی کا زیادہ استعمال
منہ کی خشکی جراثیم کی نشونما کے لئے ساز گار ہوتی ہے۔ بدبو کے خالق بیشتر جراثیم خشک ماحول میں پلتے بڑھتے ہیں۔ لہٰذا پانی پینے سے منہ میں پھنسے غذائی ذرات اور جراثیم نکل جاتے ہیں۔ اگر آپ کا منہ خشک ہو جائے آپ کو چاہیے کہ پانی کا وافر استعمال کریں، پانی زیادہ پینے سے تھوک زیادہ بنتا ہے اور منہ خشک نہیں رہتا۔ منہ خشک رہے گا تو بدبو بڑھ جائے گی۔

پانی کثرت سے استعمال کریں کیونکہ یہ منہ میں موجود غذائی ذرات کو بہالے جاتا ہے۔ لعاب دہن کو تحریک دیتا ہے۔ جراثیم کی افزائش کے لئے ساز گار ماحول کے خاتمہ میں مددگار ہوتا ہے۔ پانی آپ کے منہ میں نہ صرف تازگی کا احساس دلاتا ہے بلکہ ناخوشگوار بدبو سے بھی نجات دلاتا ہے۔

دن میں دو بار برش کرنا
منہ کی صفائی کے ضمن میں سب سے ضروری بات کم ازکم دو وقت یعنی صبح اور رات کو سوتے وقت تین منٹ کے لیے دانتوں کو ہر زادئیے سے برش کرنا چاہیے۔ دانتوں کے ساتھ ساتھ اگر زبان کو بھی برش سے صاف کر لیا جائے تو بہتر ہے کیونکہ دانتوں کے ریخوں کے ساتھ ساتھ بیکٹریا زبان کی سطح پر بھی گھر بناتے ہیں۔

دانتوں کو صرف اچھی طرح برش کرنا کافی نہیں ہوتا، زبان کی صفائی بھی ضروری ہوتی ہے۔ دانت برش کرتے وقت برش کی پشت سے زبان ضرور صاف کریں۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگوں کی اکثریت بہت تیزی سے دانت برش کرتی ہے جس کا دورانیہ ایک منٹ یا اس سے بھی کم ہوتا ہے۔

ماہر دندان کا کہنا ہے کہ دانتوں کو ہر زاویے سے کم ازکم تین منٹ برش کرنا چاہیے۔ ماوتھ واش کا استعمال اس وجہ سے مفید ہوتا ہے کہ اس سے بیکٹریا کو ہلاک کرنے اور دانتوں پر میل کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔

پھل استعمال کریں
پھلوں کا استعمال کریں۔ کیونکہ ترش یا تیزابی خصوصیات کے حامل پھل بدبو دار سانس کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں، ان پھلوں میں شامل قدرتی ایسڈ منہ میں موجود لعاب کی پیداوار کو سرگرم کرتا ہے اور سانس کو تروتازہ رکھنے کے ساتھ ساتھ مردہ سڑے ہوئے خلیوں کو بھی باہر نکال دیتے ہیں جو منہ میں بدبو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

مالٹا، مسمی، لیموں سمیت ترش پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور وٹامن سی منہ کو تازہ رکھتے ہوئے اس میں بدبو پیدا نہیں ہونے دیتا۔ علاوہ ازیں آپ کو چاہیے کہ چبانے والے پھل کھائیں کہ اس طرح نہ صرف منہ کی ورزش ہوگی بلکہ دانت بھی صاف رہیں گے۔ گاجر، سیب، امرود، ناشپاتی وغیرہ کا استعمال کریں۔

دہی کا استعمال
اگر آپ کے منہ سے بدبو آتی ہے تو دہی کا استعمال کریں کیونکہ دہی کا باقاعدہ استعمال منہ اور سانس کو تروتازہ اور خوشگوار رکھتا ہے۔ رو;زانہ ایک پاؤ دہی کا استعمال منہ میں بدبو پیدا کرنے والے کمپاؤنڈ ہائیڈروجن سلفائیڈ کے لیول کو کم کر دیتا ہے ۔کچھ ہفتے تک دہی کا باقاعدہ استعمال منہ کی بدبو کو مکمل طور پر ختم کر دیتا ہے۔

بعض ادویات ایسی ہوتی ہیں جن کے استعمال سے منہ سے بو آنا شروع ہو جاتی ہے۔ اگر آپ کو کبھی ادویات استعمال کرنے کی وجہ سے ایسا ہو تو دہی کا استعمال کریں، کیونکہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہی کھانے سے منہ میں موجود خطرناک بیکٹیریا ختم ہو جاتے ہیں لہٰذا آپ کو چاہیے کہ دہی کھائیں۔
تحقیق سے پتہ چلا کہ جو انسان روزانہ صرف ایک پیالی دہی کھائے، اس کے منہ میں گندے مادوں سے جنم لینے والی بدبو پیدا نہیں ہوتی۔ وجہ یہ کہ دہی میں ملنے والے انسان دوست جراثیم ان مادوں کا خاتمہ کر ڈالتے ہیں۔ یاد رہے، چینی میں دہی ملا کر کھانے سے الٹا نقصان ہوتا ہے۔

سونف کا استعمال
سونف بے شمار خصوصیات کی حامل ہوتی ہے۔ جو نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ منہ کی بدبو کو بھی ختم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ پورے دن میں کم ازکم ایک یا آدھا چائے کا چمچ سونف ضرور چبائیں۔ اس کے علاوہ سونف سے بنی ہوئی چائے کو ماؤتھ فریشنر کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دودھ کا استعمال
طبی جریدے جرنل آف فوڈ سائنسز میں شائع ایک تحقیق کے مطابق دودھ قدرتی طور پر لہسن اور پیاز میں موجود بو پیدا کرنے والے کمپاﺅنڈز کو نمایاں حد تک کم کرتا ہے۔ درحقیقت بازار میں ملنا والا کھلا دودھ اس بو کو موثر طریقے سے کم کرنے میں ملائی سے پاک دودھ کے مقابلے میں زیادہ مفید ہوتا ہے۔ تو پیاز یا لہسن کی وجہ سے منہ میں بو ہو گئی ہے تو ایک گلاس دودھ پینا اسے دور کر سکتا ہے۔

پودینہ کا استعمال
پودینہ کا استعمال منہ کی بدبو کے خاتمے کا نہایت موثر ذریعہ ہے، آپ نے اکثر مختلف ٹوتھ پیسٹ کے اشتہارات میں بھی اس کا ذکر سنا ہوگا، تو اگر آپ منہ کی بدبو سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کھانے میں پودینہ کے استعمال کو بڑھائیں۔

دار چینی کا استعمال
ماہرین کے مطابق دار چینی کی چائے منہ اور سانسوں کو مہکائے رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں میتھی کی چائے منہ کی ناخوشگوار بو کے لیے بہترین گھریلو نسخہ ہے۔ ایک چائے کا چمچ میتھی کے بیجوں کو ایک کپ پانی میں ڈال کر پانچ منٹ تک ابالیں جب بیج نرم پڑ جائیں تو اسے پندرہ منٹ تک ٹھنڈا ہونے دیں پھر چھان کر اس پانی کو ماؤتھ واش کے طور پر استعمال کریں۔

لیموں سے بدبو کا خاتمہ
لیموں میں موجود ترش ایسڈ منہ میں بس جانے والی پیاز اور لہسن کی بو کو دور کرتا ہے۔ لیموں کی جراثیم کش خصوصیات سانس میں بو کا باعث بننے والے بیکٹریا کو ختم کرتا ہے، بس ایک کھانے کا چمچ لیموں کا عرق لیں اور ایک کپ پانی میں ملا کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب اس محلول سے دو سے تین بار کلیاں کریں، بو ختم ہو جائے گی۔

امردو کا استعمال
کچے امرود کا استعمال منہ سے بدبو دور کرنے کے لیے بہترین ہے۔ امرود میں حیرت انگیز اجزا فاسفورس ایسڈ، کیلشیم اور میگنیز شامل ہوتے ہیں اس لیے امرود کو چبانا دانتوں اور مسوڑھوں کے لیے شاندار ٹانک کا کام دیتا ہے۔ یہ نہ صرف مسوڑھوں سے خون رسنے کو روکتا ہے بلکہ سانس کی ناخوشگوار بو کو بھی ختم کر دیتا ہے۔ امرود کی نرم اور تازہ پتیاں چبانے سے منہ کی بدبو ختم ہو جاتی ہے۔

اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگی ہے تو آپ اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ تاکہ آپ کے دوست احباب کی بھی بہتر طور پر راہنمائی ہو سکے۔

ضروری نوٹ: منہ اور سانسوں کی بدبو سے متعلقہ یہ تحریر محض معلومات عامہ کے لئے شائع کی جا رہی ہے۔ ان ترکیبوں، طریقوں اور ٹوٹکوں پر عمل کرنے سے پہلے اپنے معالج (طبیب، ڈاکٹر) سے مشورہ ضرور کریں۔ اور دوران عمل اپنے معالج سے رابطہ میں رہیں۔
٭٭•┈••✦✿✦••┈•٭٭

Copied

 
Leave A Reply

Your email address will not be published.